وادئ ہنزہ کی ایک جھلک۔۔۔6
ہنزہ کی پہلی معیاری درس گاہ آغا خان ہائیر سکینڈری اسکول کریم آباد، ہنزہ التیت اور بلتیت کے پرانے قلعے دیکھنے جانے کا یہ فائدہ ہوا کہ مجھے ہنزہ کی اس تاریخی درس گاہ میں بچوں اور اساتذہ کے ساتھ تبادلہ خیالات کا موقع ملا جس کا سنگ بنیاد اسمعیلی مسلم کمیونٹی کے روحانی پیشوا ہز ہائنس پرنس کریم آغا خان نے 1983 میں اپنے دست مبارک سے رکھا تھا۔ 1986 سے اس ادارے نے اپنے علم و ادب کے سفر کا آغاز کیا تھا۔ شروع میں یہ اکیڈمی تھی۔ بعد ازاں اسے ہائر سیکنڈری اسکول کا درجہ دیا گیا۔ ادارے کی سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہزہائنس نے فرمایا تھا( ترجمہ) "یہاں کریم آباد میں دی آغا خان اکیڈمی شمالی علاقہ جات میں بچیوں کے لیے ہمارا پہلا ہائی اسکول اور اقامت گاہ ہوگی اور پاکستان میں ہماری ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگی۔۔۔۔۔۔۔کسی بھی کمیونٹی یا ملک کو عقل و دانش اور تخلیقی صلاحیتوں پر اجارہ داری حاصل نہیں ہوتی اور یہ مجھے بہت ہی آہم لگتا ہے کہ آئیندہ سالوں میں شمالی علاقوں کا ہر وہ فرد جو تخلیقی صلاحیت رکھتا/رکھتی ہےاور جسے تعلیم تک رسائی حاصل ہے، چاہے وہ علمی ہو یا عملی، وہ فرد...