کنج عافیت
وادئ یارخون اپنے پرامن اور آلودگی سے پاک ماحول کی بدولت آج بھی جائے سکون ہے۔ چترال کی وادیوں میں سب سے لمبی وادئ جو گاؤں بریپ کے نویشرو سروز سے شروع ہو کر قرمبر جھیل تک پھیلی ہوئی ہے۔ آسانی کے لیے اسے تین وادیوں میں تقسیم کرتے ہیں، یعنی وادئ یارخون پائین جو بریپ سے لے کر گزین تک کا علاقہ ہے۔ یہ کھلی وادی ہے جس کے بیچوں بیچ دریائے یارخون بہتا ہے اور دریا کے دونوں کناروں پر بستیاں آباد ہیں۔پھر دربند سے شروع ہو کر کنخون تک اس وادی کو سویارخون کہتے ہیں۔ کنخون سے قرمبر تک یہ وادئ بروغل ہے۔ تینوں وادیوں کو ملا کر عام طور پر وادئ یارخون کہا جاتا ہے۔اس کی مجموعی لمبائی کم و بیش 130 کلومیٹر ہے۔ پچاس چھوٹے بڑے گاؤنوں پر مشتمل ہے۔ اس کے اندر گرور گول، کھوتن، اوھرکن گول ، بانگ گول، پاور گول، وسم گول، گزین گول، درہء تھوئی، دربند ،اشپیر ڈوک، کوئے زوم، چٹی بوئے گلیشر، درہء درکوت، درکوت گلیشیر ، چیانتر گلیشیر ،درہ بروغل اور قرمبر جھیل قابل دید جگہے ہیں اور ٹریکنگ کے شائقین کے لیے دلکشی کا سامان رکھتی ہیں۔
ماضی میں یہاں سیاحوں کا تانتا بندھ جاتا تھا۔ غیر ملکی سیاح یارخون کو سیاحت کے لیے ترجیح دیتے تھے۔ اس زمانے میں وادی کے اندر کوئی ہوٹل یا مہمان خانے نہیں تھے۔ سیاح لوگوں کے گھروں میں مہمان بن کر ٹھہرا کرتے تھے ۔
آج کل وادی کے اندر درجنوں مہمان خانے بن گئے ہیں جہاں مقامی کھانوں کے علاؤہ ہر قسم کے کھانے مہمانوں کو کھلائے جاتے ہیں۔ پینے کے لیے ہر گاوں میں چشمے کا پانی موجود ہے اور روشنی کے لیے مقامی لوگوں اور اے کے آر ایس کے تعاون سے چھوٹے چھوٹے بجلی گھر بن گئے ہیں جو بلا ناغہ بجلی مہیا کرتے ہیں ۔
وادی کے اندر خوبانی، آڑو، توت، چیری، ناشپاتی اور سیب وافر مقدار میں پیدا ہوتے ہیں جن کا بڑا حصہ مارکیٹ سے دوری اور سڑکوں کی خرابی کے باعث ضائع ہو جاتا ہے۔ وادی یارخون کا سیب اپنی مٹھاس اور خوشبو کے لحاظ سے چترال بھر میں مشہور ہے۔ اس وقت سیب کا موسم اپنے جوبن پر ہے اور ہمارے کاروباری پٹھان بھائی اونے پونے داموں خرید رہے ہیں۔ اس وقت مہمانوں کو مفت کے سیب مل سکتے ہیں۔
یہاں یہ بھی بتاتا چلوں کہ وادی کے مرکزی گاؤں بانگ میں اس وقت چار مہمان خانے بن گئے ہیں اور مہمانوں کو مناسب ریٹ پر رہائش اور خوراک مہیا کر رہے ہیں۔
"مہمان خانہ کنج عافیت " (peace corner)حال ہی میں بن گیا ہے۔ بانگ اور لغل آباد کے سنگم پر دریائے یارخون کے کنارے استادہ یہ مہمان خانہ مہمانوں کو بہترین گوشہء تنہائی میں مظاہر قدرت کا دلکش نظارہ پیش کرتا ہے۔ کشادہ کمرے اور واش رومز ۔آزما کر دیکھیئے!
Comments
Post a Comment