بزرگ پنشنرز
دنیا کے تمام معاشروں میں بزرگوں کو عزت کا مقام حاصل ہے۔ خاص کرکے اسلام کے ماننے والے معاشروں میں ان کی بڑی عزت کی جاتی ہے۔ ان کے ساتھ نشست و برخاست سے لے کر گفتگو تک ان کا لحاظ ترجیحی ہوتا ہے۔ اگر ہم مختلف ثقافتوں کے حوالے سے گھروں اور گاؤں/ محلوں کی سطح پر کبرسن افراد کا رتبہ دیکھیں تو میری اپنی ثقافت یعنی کھو ثقافت ( جسے چترالی ثقافت بھی کہا جاتا ہے) میں یہ نمایاں نظر آتا ہے۔ کھو لوگوں کے بزرگ افراد کی نشست گھر کے دوسرے افراد سے زیادہ آرام دہ اور سب سے آگے ہوتی ہے۔ کھانے سے پہلے اور کھانے کے بعد ان کے ہاتھ سب سے پہلے دھلوائے جاتے ہیں۔ دسترخوان سب سے پہلے ان کے سامنے بچھایا جاتا ہے۔ کھانا سب سے پہلے ان کے سامنے رکھا جاتا ہے۔ جب وہ اپنی نشست سے اٹھ جائیں تو اہل محفل ان کے ساتھ کھڑے ہوجاتے ہیں اور جب تک وہ نہ بیٹھیں سب ان کے احترام میں کھڑے رہتے ہیں۔ ان کے بیٹھ جانے کے بعد ہی اہل محفل بیٹھ جاتے ہیں۔ اسی طرح چلنے پھیرتے ہوئے بزرگ فرد ہمیشہ آگے رہتا ہے۔ اس سے آگے قدم رکھنا بے دبی خیال کیا جاتا ہے۔ باہر سے آنے والا شخص اگر بزرگ ہو اس کے لیے نہ اٹھنا بداخلاقی میں شمار ہوتا ہے۔ عام طور...