عظیم استاد حضرت اللہ جان مرحوم
زندگانی تھی تری مہتاب سے تابندہ تر خوبترتھا صبح کےتارے سے بھی تیرا سفر ایک اسم با مسمی استاد کی وفات کی مثال آسمان کے ایک روشن ستارےکا ٹوٹ گرنا ہے البتہ فرق یہ ہے کہ آسمان علم و فضل کا ستارہ جب ٹوٹ کر گرتا ہے تو اپنے پیچھے ہزاروں چمکتے تارے چھوڑ جاتا ہے۔ جو ظلمت کدہ جہاں کو علم کی روشنیوں سے منور کرتے رہتے ہیں۔یوں علم و حکمت کے آسمان کا ستارہ ٹوٹ کر بھی منور رہتا ہے۔ میرے بہت ہی قابل احترام استاد حضرت اللہ جان کو میری آنکھوں نے ان ستاروں میں سب سے زیادہ روشن پایا ہے۔ میرا ہر استاد میرے لیے شمع فروزاں تھا، روشن ستارہ تھا مگر ان میں سب سے بڑکر درخشان استاد موصوف تھے۔ اس عظیم شخصیت کے بارے میں قلم اٹھانے سے پہلے ہی مجھے اپنی علمی کم مایہ گی کا اعترف ہے۔ میں ہرگز یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ استاد مرحوم کی زندگی کےبارے میں بہت کچھ جانتا ہوں اور نہ ان کا اور میرا استاد شاگردی کا رشتہ اتنے لمبے دورانیے کا تھا جو اسے بہت قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا باعث بنتا۔ مجھ سے زیادہ وہ شاگرد استاذ مرحوم کی سیرت کے بارے میں جانتے ہیں جن کو ان کی شاگردی میں...