سحر خیزی

صبح سویرے اٹھنا ایک فرد کی کامیاب زندگی کی ضمانت ہے۔ اسلام نے صبح کی عبادت کی جو اہمیت بیان کی ہے اسے اخروی فائدے کی تلقین قرار دیا جا سکتا ہے جس کی ہم مسلمانوں کو اتنی فکر نہیں کیونکہ ہمارا دعویٰ زبانی عملی نہیں ہے۔ ہم میں بہت کم لوگ اپنی آخرت کی فکر کرتے ہیں۔ آخرت پر ہم سب کا یقین ہوتا یعنی اقرار بالسان اور تصدیق بالقلب کا عملی مظاہرہ کرتے تو ہم کبائر گناہوں سے اجتناب کرتے۔ جھوٹ، غیبت، بہتان طرازی چوری، زنا ، لواطت ، سود خوری، رشوت، قتل ، ذخیرہ اندوزی ، دوسروں کا حق مارنا وغیرہ جیسے گناہوں سے بچتے کیونکہ قیامت کے دن ان کے بارے سوال جواب ہوگا اور سزائیں ہوں گی۔ اس میں شک کی گنجائش نہیں ہے۔جب ہم گناہوں کو شیر مادر سمجھ کر کرتے ہیں تو ہمارے ہاں عبادتوں کی کیا اہمیت  ہوسکتی ہے؟ اس لیے ہم سحر خیزی کی دنیاوی فوائد دیکھیں گے شاید مادی کشش ہمیں عبادت کی طرف بھی مائل کر سکے ۔
دنیا کے بڑے بڑے لوگ جنہوں نے کسی نہ کسی شعبے میں کمال حاصل کیا ہو صبح سویرے اٹھنے کی عادت رکھتے تھے۔ سورج سے پہلے بیدار ہونا اور اپنے مخصوص کاروبار زندگی کا آغاز کرنا کامیاب دن اور زندگی گزارنے کی طرف پہلا اور اہم ترین قدم ہے۔ کسی بھی کام میں کمال حاصل کرنے کے لیے انسان کو تنہائی اور پرسکون ماحول میں غور و فکر اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے۔ تنہائی اور پرسکون ماحول صرف اور صرف صبح سویرے مل سکتے ہیں کیونکہ اس وقت دنیا کے شورو غل کا آغاز نہیں ہوتا۔ فطرت کی رعنائیاں اپنے عروج پر ہوتی ہیں۔ فضا آلودگی سے پاک ہوتی ہے۔ یہی وہ وقت ہے جس میں انسان کا دماغ، دل اور جسم تازگی اور توانائی حاصل کر لیتے ہیں۔ دن کی سرگرمیوں کے لیے جدول بنانے کا یہی وقت بہترین ہوتا ہے۔ 
جس زمانے میں آمدورفت کی سہولیات میسر نہیں تھیں تو ایک طالب العلم کو اپنے اسکول یا کالج پہنچنے کے لیے اور ملازم کو جائے ملازمت بروقت پہنچنے کے لیے سویرے سفر کرنا پڑتا تھا۔  سفر پیدل ہوتا تھا اور منزل تک پہنچنے کے لیے مرغ کی آذان کے ساتھ اٹھنا پڑتا تھا۔ آج کے دور کی سہولیات نے انسانوں کو نکما بنادیا ہے۔ ہمارے بچے دھوپ نکلنے تک سوئے پڑتے ہیں۔ وہ صبح سویرے کے خوشگوار ماحول اور دل و دماغ کو تازگی بخشنے والی فضا کا لطف اٹھانے سے محروم ہیں۔
جو طالب علم بہترین تعلیمی کارکردگی دکھانے کا ارادہ رکھتا ہو اور جو شخص اپنے مخصوص پیشے میں کمال حاصل کرنے کا خواہشمند ہو تو انہیں چاہیے کہ وہ سحر خیزی کو اپنی زندگی کا معمول بنالیں۔ سحر خیزی دونوں دنیاؤں میں کامیابی کی کنجی ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

باران رحمت کی زحمت

شرط بزرگی

چترال کی چلتی پھرتی تاریخ